گجر بکر وال برادریوں کا غیر قبائلی برادریوں کو شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کے اقدام کیخلاف احتجاج کا انتباہ
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گجر اور بکروال قبائلی برادریوں نے بھارتی قابض انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر پہاڑی اوردیگر برادریوں کو شیڈول ٹرائب کادرجہ دینے کی کوشش کی گئی تو وہ زبردست احتجاج کریں ۔ گجر اور بکروال قبائلی برادریاںاس اقدام کی سخت مخالفت کررہی ہیں ۔
گجروں اور بکروال دونوں برادریوں کے ہزاروں افراد نے سرینگر میں ایک بڑا گوجری جرگہ منعقد کیاجس میں پورے خطے سے اراکین نے شرکت کی ۔یہ جرگہ کئی دہائیوں میں ہونیوالا پہلا جرگہ ہے ۔ قبائلی برادریوں نے اس دوران اپنے مطالبات پیش کیے اور دونوں برادریوں کے سرکردہ رہنمائوں اور کارکنوں نے خطاب کیا۔ انہوں نے پہاڑی اور دیگر کمیونٹیزکو شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کی مخالفت کی اور جنگلات کے حقوق کے قانون پر عمل درآمداور جنگلات کے تحفظ کے ایکٹ اورجموں وکشمیر شیڈول ٹائب ترمیمی بل 2023کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ گوجر برادری کے ایک سرکردہ کارکن طالب حسین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی حکومت کے اس اقدام کے خلاف ہر ممکن مزاحمت کریں گے ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا، اگر حکومت اونچی ذات کے ہندوئوں کو شیڈول ٹائب کا درجہ دیتی ہے تو ہم نہ صرف سیاسی طور پر لڑیں گے بلکہ سڑکوں پراحتجاج بھی کریں گے۔ ڈوڈہ کے گائوں کہارا سے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کی رکن فاطمہ فاروق نے کا کہ یہ انکی برادری کے مستقبل کا معاملہ ہے ۔