بھارت جیلوں میں نظربند حریت پسند نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہا ہے
اسلام آباد25اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموںو کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدلمجید ملک، جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اور جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے کہا ہے کہ بھارت اب جیلوں میں نظربند حریت پسند نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کے تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تینوں رہنماو ں نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ بھارتی فوجیوں نے2003سے جموں کی جیل میں نظربند ضیاءمصطفی کو گزشتہ روز سرنکوٹ پونچھ کے علاقے بھاٹا دوریاں میں لے جاکرایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا ۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انصاف کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس بہیمانہ قتل کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیامیں کسی جگہ پر قیدیوں کے ساتھ اسطرح کا سلوک نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ اس نوجوان کی شہادت سے بھارت کا مکروچہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ حریت رہنماﺅں نے کہا کہ بھارت کے ان ہتھکنڈوں سے جموں وکشمیر کے عوام بخوبی واقف ہیں اور وہ بھارت کے ہرحربے کو ناکام بناکر مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے شہیدضیاءمصطفی کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہم ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ضیاءمصطفی کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ سے تھا اور وہ2003 سے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند تھا جس کو گزشتہ روز بھارتی فوج نے پونچھ کے علاقے بھاٹا دوریاں میں لے جاکر شہیدکردیا۔