پی سی بی کے احتجاج کے بعد بھارت نے قومی اسکواڈ کو ویزے جاری کر دئے
اسلام آباد :
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزوں کے اجرا کا معاملہ حل ہوگیاہے ۔ پاکستان اسکواڈ کو بھارتی ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔
بھارت نے قومی ٹیم کو ویزے پاکستان کرکٹ بورڈکی طرف سے یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے اٹھانے کے بعد جاری کئے ہیں ۔ پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کی طرف سے ویزے جاری نہ کرنے کے معاملے پراحتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ تھا۔ پی سی بی نے خط کے ذریعے آئی سی سی کو بھارت کی طرف سے قومی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایاتھااور اپنے تحفظات اور خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔ پی سی بی نے خط میںہوسٹ ممبرز ایگریمنٹ کی یاد دہانی کرائی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ تین سال سے اسی ایشو کے حوالے سے بار بار آئی سی سی کو آگاہ کیاگیاہے،تاہم پاکستان کے تحفظات پر کسی قسم کا دھیان نہیں دیا گیا اور صورتحال یہ ہے کہ پاکستانی اسکواڈکو بھارت کے ویزے جاری نہیں کئے جارہے ہیں ۔پی سی بی کاخط میں مزید کہنا تھاکہ اس حوالے سے بھارت کا رویہ مایوس کن ہے، ویزے جاری نہ ہونے کی وجہ سے غیر یقینی کی صورتحال ہے۔پی بی سی کے آئی سی سی کوخط کے بعد بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان اسکواڈ کے بھارتی ویزوں کی منظوری دیدی گئی ہے ۔اس حوالے سے آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ویزے جاری کردیے ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان عمر فاروق نے بھی ویزے جاری ہونیکی تصدیق کی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ٹیم کو اپنے پاسپورٹ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے لینے کو کہا گیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے اورکہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں اور جلد اسکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات مل جائیں گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی صبح بھارت کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔