روم ، اٹلی اور گلاسکو میں بھارت مخالف مظاہرے کئے جائیں گے
برمنگھم 25اکتوبر (کے ایم ایس)
تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ کشمیری ، پاکستانی اور تمام یگر کمیونٹی بالترتیب 31اکتوبراور 2نومبر کو روم ، اٹلی اور گلاسگو برطانیہ میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فہیم کیانی نے برمنگھم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کشمیر نے جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو برطانیہ اور یورپ میں مزید احتجاجی مظاہروں کا بھی اہتمام کیا ہے۔لندن میں تحریک کشمیر برطانیہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہروں کے علاوہ ایک ڈیجیٹل وین مہم کا اہتمام کیا ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بطور مہمان بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں گے۔تحریک کشمیر برطانیہ ،ناروے اور جرمنی بھی بھارتی سفارت خانوں کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اہتما م کرے گی اورڈنمارک میں بھی پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیاجائے گا۔ اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہاکہ روم میںگروپ 20کے سربراہ اجلاس اور گلاسگو میں سی او پی 26 اجلاس میں نریندر مودی کا استقبال نہیںکیاجائے گا ۔