مقبوضہ جموں وکشمیر: عید میلا دالنبیﷺ انتہائی جوش و خروش سے منائی گئی
سرینگر30 ستمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسب سے منائی جانے والی عید میلا دالنبیﷺ انتہائی جوش و خروش اور تزک و احتشام کیساتھ منائی گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کئی مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مساجد ، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ علمائے کرام اور آئمہ مساجد نے پیغمر اسلام ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔سب سے بڑی تقریب سرینگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے واقع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے شاشقان رسولﷺنے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول ﷺ کو موئے مقدس کے دیدار بھی کرائے گئے۔یہاں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں مرد وخواتین نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔
جموں خطے اور خطہ لداخ کے علاقوں لیہہ ، کرگل اور دراس وغیرہ میں بھی عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا اور جلوس نکالے گئے۔