بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف آزادکشمیر میں احتجاجی مظاہرے
مظفرآباد: بھارتی آئین کی دفعہ370کی منسوخی کے نریندر مودی حکومت کے اقدام کو برقراررکھنے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف آزاد جموں و کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام بدھ کو مظفرآباد میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور سیاہ پرچم لہرائے۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپیاں نذرآتش کردیں۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام 5اگست 2019 کو اور اس کے بعد مقبوضہ علاقے میں مودی حکومت کی طرف سے کئے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے والوں میںسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، عبدالقیوم نیازی، خواجہ فاروق احمد، چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، سردار جاوید ایوب، سید بازل علی نقوی ،چوہدری ریاض، عزیر احمد غزالی، سردار حسن ابراہیم، عامر یاسین، نبیلہ ایوب، چوہدری مقبول گجر، سید مرتضی گیلانی، حافظ حامد رضا، شوکت جاوید میر، مختار عباسی، مبشر منیر اعوان، خالد محمود زیدی، عظمت حیات کشمیری، عامر اعوان اور دیگر لوگ شامل تھے۔ فیصلے کے خلاف آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔