مقبوضہ جموں و کشمیر کا اسلامی تشخص، روایات ا ور ثقافت بھارت کے نشانے پر ہیں: پاسبان حریت
مظفرآباد14 نومبر (کے ایم ایس) پاسبان حریت جموں و کشمیرنے کہاہے کہ غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے اور علاقے کا اسلامی تشخص، روایات ا ور ثقافت بھارت کے نشانے پر ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اسوقت تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہاہے اور بھارت اپنی پوری فوجی طاقت اور کالے قوانین کے ذرےعے آزادی، انصاف اور حق خودارادیت کیلئے اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کرانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے زندانوں میں ہزاروں کشمیری نظربند ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اظہار رائے کی آزادی پر پابندیاں عائد کرکے ریاست کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ قابض فورسزہزاروں کنال اراضی پر جبری طوپر قابض ہورہی ہیں۔ عزیراحمدغزالی نے آزاد جموں کشمیر کی حکومت اور عوام سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کے حقوق کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کی حساسیت ،بھارت کے ظالمانہ رویے اوردہشت گرد منصوبوں سے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو آگاہ کرنے کیلئے ریاست گیر مزاحمتی تحریک کا آغاز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی اداروں کی خاموشی کی وجہ سے نریندرہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ مظالم ڈھا رہی ہے۔