محبوبہ مفتی کی طرف سے شہریوں کے انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کی شدید مذمت
سرینگر16نومبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین کشمیری تاجروں اور ایک ڈینٹل سرجن کے بہیمانہ قتل کے بعد کیا۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل کئے گئے چار وں افرادمیں سے دو مجاہدین کے معاونین تھے جبکہ شہید نوجوانوں کے اہلخانہ نے پولیس کے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں بلا جواز طورپر قتل کیاگیا ہے۔محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ معصوم شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنااور فائرنگ کے تبادلے میں ان کے قتل کے بعد انہیں مجاہدین کا معاونین قراردینا بھارتی پالیسی کاحصہ ہے۔ محبوبہ مفتی نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔