مقبوضہ جموں وکشمیر میں یوم پاکستان پر مبارکبادی کے پیغامات والے پوسٹرچسپاں
سرینگر19مارچ(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںسرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں 23مارچ کو منائے جانے والے یوم پاکستان کے سلسلے میں مبارکبادی کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔
کشمیری یوتھ، سولجرس آف اسلام اور جموں و کشمیر وارثین شہدا ء کی جانب سے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر لگائے گئے پوسٹروں پر شہید قائد حریت سید علی گیلانی کا مقبول عام نعرہ” ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” درج ہے۔پاکستانی پرچم اورپاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹروں میں پاکستانیوں کو ان کے قومی دن کی مبارکباد دی گئی ہے۔پوسٹروں میں” جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں اور آزادی چاہتے ہیں”،” گو انڈیا گو بیک” اور ”جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے”جیسے نعرے درج ہیں۔پوسٹروں میں لکھا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں اوروہ حق خودارادیت کے جائزمطالبے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پوسٹروں میں کشمیری عوام سے کہاگیاہے کہ یہ وقت متحدہ ہونے اور بھارتی قبضے کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کا ہے۔پوسٹروں میںامید ظاہر کی گئی ہے کہ پاکستان کے عوام مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے کام جاری رکھیں گے کیونکہ مستحکم پاکستان ہی خطے میں امن کا ضامن ہے۔پوسٹروں کو فیس بک اور ٹویٹر سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیاہے۔