بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں عدم استحکام کا سبب بننے ہیں، پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورکس کی خفیہ معاونت کے سامنے آنے والے واقعات پراظہار تشویش کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ایک بار پھر اپنی تشویشناک کارکردگی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں عدم استحکام کا سبب بننے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں کے فروغ میں بھارتی دستاویزی کردار سے دنیا آگاہ ہے، کلبھوشن یادیو کیس پاکستان کے خلاف منظم اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی واضح مثال ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ماورائے سرحد قتل اور پراکسی عناصر کے ذریعے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں تشویشناک ہیں، بھارتی طرزِ عمل ہندوتوا کی انتہا پسندانہ نظریہ اور پرتشدد حامیوں سے مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر پر فوجی قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، پاکستان کشمیری عوام کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجما ن نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ نیک نیتی سے بھاری قیمت ادا کر کے طے پایا تھا، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچے گا، پاکستان معاہدے کے تحت جائز حقوق کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔






