بھارتی سپریم کورٹ کامسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کے خلاف تین رکنی بنچ تشکیل دینے پر اتفاق
نئی دلی 23جنوری(کے ایم ایس)
بھارتی سپریم کورٹ نے ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے ۔
کرناٹک میں پری یونیورسٹی کالجوں کی مسلم طالبات کی طرف سے حجاب پر پابندی کے خلاف متعدد درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہیں۔ پیر کے روزطالبات کی وکیل میناکشی اروڑا نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ کے سامنے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کا معاملہ اٹھایا۔بنچ میں جے بی پاردی بھی شامل تھے ۔ انھوں نے کہا کہ فروری میں ہونے والے امتحانات کے پیش نظر یہ معاملہ انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو عبوری حکم کے ذریعے بھی سناجا سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے وکیل سے اتفا ق کیاکہ درخواست کی سماعت کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی بنچ میں شامل ججوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں کرناٹک میں پری یونیورسٹی کالجوں کی مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کے دائردرخواستوں پر الگ الگ فیصلہ سنایا تھا۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور سدھانشو دھولیا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اپنافیصلہ سناتے ہوئے طلباء کی درخواستوں کو مسترد کردیا تھاجبکہ جسٹس دھولیا نے پری یونیورسٹی کالجوں کی کلاسز کے اندر حجاب پہننے پر پابندی لگانے کے کرناٹک حکومت کے فیصلے کو خارج کر دیا تھا۔