بھارت :ایئر مارشل آشوتوش دکشت بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ مقرر
وہ موجودہ سربراہ اے پی سنگھ کی ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ سنبھالیں گے
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے ایئر مارشل آشوتوش دکشت کو نیا چیف آف ایئر اسٹاف مقرر کیا ہے، وہ موجودہ سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کی جگہ لیں گے جو ریٹائر ہونے والے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت وائس چیف آف ایئر اسٹاف کے عہدے پر تعینات ایئر مارشل دکشت 31اکتوبر کی سہ پہر سے بھارتی فضائیہ کے 29ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ایئر مارشل دکشت ایک تجربہ کار فائٹر پائلٹ ہیں اور انہیں 20سے زائد اقسام کے طیارے اڑانے کا 3,500سے زائد گھنٹوں کا تجربہ حاصل ہے جن میں میراج2000، مگ سیریز، جیگوار، آئی ایل78، ہاک اور تیجس شامل ہیں۔9 دسمبر 1966کو پیدا ہونے والے آشوتوش دکشت کو 6دسمبر 1986کو بھارتی فضائیہ کی فائٹر اسٹریم میں کمیشن دیا گیا تھا۔ چار دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کمانڈ، اسٹاف اور تدریسی نوعیت کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔وائس چیف کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ ہیڈکوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف میں چیئرمین، چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CISC)کے ماتحت چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے عہدے پر فائز رہے۔ اس سے قبل وہ سینٹرل ایئر کمانڈ کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف بھی رہ چکے ہیں۔ایئر مارشل دکشت نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، ڈیفنس اسٹاف سروس کالج بنگلہ دیش اور نیشنل ڈیفنس کالج کے فارغ التحصیل ہیں۔







