او پی شاہ کا مقبوضہ جموں وکشمیرکی ریاستی حیثیت کی فوری بحالی، اسمبلی انتخابات کا مطالبہ
سرینگر:سینٹر فار پیس اینڈ پروگریس کے چیئرمین او پی شاہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی فوری بحالی اورعلاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق او پی شاہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقاتیں کیں جن میں طلبا، سیاسی رہنما اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں اوریہ تمام لوگ فوری طور پر اسمبلی انتخابات اور ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات سے دو واضح پیغامات ملے ہیں۔ ایک یہ کہ کشمیر کے لوگوں کو جمہوریت پر اعتماد ہے اور وہ انتخابات کے ذریعے اپنی خواہشات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں اور انتخابات میں زیادہ لوگوں کے ووٹ ڈالنے سے دفعہ 370کی منسوخی کے حوالے سے مشاورت نہ کیے جانے پرکشمیریوںنے اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات چار سال پہلے ہونے چاہیے تھے لیکن اب جموں و کشمیر میں انتخابات میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انتخابات سے بھارتی جمہوریت اور آئین پر لوگوں کا اعتمادبڑھ جائے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر فوری طورپر انتخابات نہ کرائے گئے توبھارتی جمہوریت پر لوگوں کا اعتماد کم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران میں نے بہت سے لوگوں سے ملاقاتیں کیں جن میں میر واعظ عمر فاروق، فاروق عبداللہ، جی ایچ۔ میر، ایم وائی تاریگامی ، وکلائ، صحافی اور دیگر اسٹیک ہولڈرزشامل ہیں۔اوپی شاہ نے منصفانہ اور آزادانہ انتخابات، ریاستی حیثیت کی بحالی اور لوگوںکے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ اقدامات جمہوریت کے لیے ضروری ہیں۔