مقبوضہ جموں و کشمیر

متحدہ مجلس علماءکا جامع مسجد سرینگر کی بندش اور میرواعظ کی مسلسل نظر بندی پر اظہارتشویش

57d5c397-acf5-4ce7-9359-c7d3d48da21eسرینگر 26 فروری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میںمتحدہ مجلس علما ءکا ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی اجلاس مجلس کے بانی صدر اور ممتاز عالم دین مولانا رحمت اللہ میر القاسمی کی صدارت میں مرکزی جامع مسجد سرینگر کے صدر دفتر پر منعقد ہوا ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس میں کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں گزشتہ 30 جمعہ سے مسلمانوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے اور مجلس کے بانی و سرپرست اعلیٰ میرواعظ عمرفاروق کی گزشتہ ڈھائی سال سے نظر بندی پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیا۔اجلاس میں اس بات پر انتہائی حیرت اور تعجب کا اظہار کیا گیا کہ ایک طرف قابض انتظامیہ جموںوکشمیر میں منشیات کی روک تھام اور انسداد کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کررہی ہے اور دوسری طرف شراب جیسی ام الخبائث کو عام کرنے کیلئے مزید لائسنس جاری کررہی ہے۔اجلاس میں اس طرح کے فیصلے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاگیا کہ ایسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔اجلاس میں کشمیری معاشرے کی ہمہ جہت اصلاح اور بہتری کیلئے مجلس علماءکے زیر اہتمام ریاست گیر سطح پر ایک مہم چلانے کی ضرورت پر زوردیاگیا۔ جامع مسجد سرینگر کو مقفل رکھنے اور میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل نظربند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قابض حکام سے مطالبہ کیاگیاکہ جب آثار شریف درگاہ حضرت بل ، روحانی مرکز خانقاہ معلی، آستانہ عالیہ چرار شریف، مرکزی امام باڑہ بڈگام اور دیگر تمام مقامات عبادت و ریاضت کیلئے کھول دیئے گئے ہیں معراج النبیﷺ ، شب برات اور مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر جامع مسجد سرینگر کو بھی کھول دیا جائے اور میرواعظ کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔مولانا رحمت اللہ قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کشمیری معاشرے کی زبوں حالی اور اصلاحی کوششوںپر روشنی ڈالتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے البتہ ہمیں اپنی مثبت اور اصلاحی کوششوںمیں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں جن دینی ،تعلیمی اور ملی تنظیموں اور انجمنوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی ان میں انجمن شرعی شیعیان کے آغا سید مجتبیٰ الموسوی الصفوی، دارلعلوم سوپور کے بانی مہتمم اور بزرگ عالم دین مولانا بشیر احمد قاسمی، انجمن حمایت الاسلام کے سربراہ مولانا خورشید احمد قانون گو، انجمن تبلیغ الاسلام کے پیرزادہ مولوی محمد سلطان، جمعیت ہمدانیہ کے مولانا سراج الدین، کاروان اسلامی انٹرنیشنل کے خواجہ غلام حسن صفاپوری، مرکزی رابطہ ائمہ مساجد جموںوکشمیر کے صدر مولانا سید وارث شاہ بخاری، خانقاہ نقشبندیہ کے خطیب و امام اور معروف سکالر مولانا پروفیسر سید محمد طیب کاملی،امام حی مولانا سعید احمد نقشبندی ،خطیب و امام جامع مسجد کے نمائندے مولوی الطاف حسین شاہ ، بزم توحید اہلحدیث کے پیر رحمت اللہ،انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے مفتی غلام رسول سامون، مولانا نصر اللہ، مولانا الطاف حسین اور مجلس کے سیکریڑی ایم ایس رحمن شمس نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button