مقبوضہ جموں و کشمیر
کٹھوعہ : انتظامیہ کی گجر بکروال کمیونٹی کیخلاف انسداد تجاوزات مہم
مسجد کی مسماری کی کوشش پر مسلمانوں کی مزاحمت کے نتیجے میں ایک افسرسمیت چھ پولیس اہلکار زخمی
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں قابض بھارتی انتظامیہ نے انسداد تجاوزات کی نام نہاد مہم کے دوران ایک مسجد کو مسمار کرنے کی کوشش کی جس پرمسلمان شدید مشتعل ہوئے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر شدید پتھراﺅ کیا جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس( ڈی ایس پی) ایچ کیو منجیت سنگھ سمیت بھارتی پولیس کے کم از کم چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی انتظامیہ نے ضلع کے علاقے ہیرا نگر میںمسلم گجر بکر وال کیمونٹی کے خلاف نام نہاد انسداد تجاوزات مہم شروع کر رکھی ہے۔ انتظامیہ کمیونٹی کے گھر وںکو بلڈوز کر رہی ہے ۔ مہم کے دوران جب ایک مسجد کو مسمار کیا جانے لگا تو مسلمانوں نے سخت مزاحمت کی اور پولیس پر پتھراﺅ کیا ۔ اس دوران ایک ڈی ایس پی سمیت چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔