بھارت : ہندو انتہا پسندوں کے عید میلاد النبی ۖکے جلوسوں پر حملے ،مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ
نئی دہلی : بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے عید میلاد النبی ۖکے جلوسوں پر حملے کئے، مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑکی اوراملاک کو نقصان پہنچایاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں ہندو انتہا پسندوں نے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر نکالے گئے جلوس کوسڑک بند کر کے روکا اور جلوس پر پتھرا ئوکیا۔ بریلی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عید میلاد النبی ۖ کا جلوس نکالاگیا تھا جس کی با ضابہ اجازت لی گئی تھی لیکن جلوس سے کچھ گھنٹے قبل انتظامیہ نے کہا کہ مقامی افراد نے شکایت کی ہے اس لیے جلوس کی جگہ کو تبدیل کر دیا جائے۔ جلوس انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد طے پایا کہ جلوس جوگن واڈا کی موریا گلی سے نکالا جائے گا لیکن جب ہندو انتہا پسندوں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے سڑک بند کر کے عید میلاد النبی ۖ کا جلوس روک دیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پرقابوپالیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے منڈسور میں بھی مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو میں ہندو انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے خلاف نعرے لگاتے اورزہر اگلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دریں اثناء ریاست کرناٹک میں ضلع منڈیا کے علاقے ناگامنگلا میں بھی وشواہندو پریشد کے ہندوتوا غنڈوں نے عید میلاد النبیۖ کا جلوس نکالنے میں رکاوٹیں پیدا کیں جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔