”پی ڈی پی“ جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، التجا مفتی
سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نہ صرف ریاستی درجے بلکہ دفعہ 370 کی بحالی کی بھی وکالت کرے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق التجا مفتی نے ایک میڈیا انٹرویو میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا جو اپنی انتخابی کامیابی کے بعد حکومت کی تشکیل کی تیاری کر رہی ہیں۔ التجا نے کہا کہ لوگ ان دونوں جماعتوں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کریں گی۔ التجا مفتی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی پی جموںوکشمیر کے مسائل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوںنے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے پراکسی پارٹیاں کھڑی کیں لیکن پھر بھی ناکام رہی ۔التجا مفتی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بی جے پی جمہوری مینڈیٹ کا احترام کرے گی ۔