بھارت: کانگریس کا طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ
حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے تھے

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے گزشتہ روز پیش آنے والے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار اور چار دیگر افراد کی موت ہو گئی تھی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کھرگے نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ زیادہ تر سیاست دان کسی بھی ضروری کام کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے سفر کرتے ہیں جبکہ بڑے بڑے کاروباری افراد بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ ایک چھوٹا طیارہ تھا اور جس طرح سے یہ واقعہ پیش آیا وہ غیر فطری لگتا ہے لہذا اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اجیت پوارسمیت 5 افراد ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے ۔ مہاراشٹر کے بارامتی ہوائی اڈے پر لیرجیٹ 45طیارہ لینڈنگ کے دوران کنٹرول کھو بیٹھا اورکریش لینڈنگ کے نتیجے میں طیارے میں آگ لگ گئی۔
بھار ت میں فضائی حادثات میں بڑی تعداد میں جانی ضیاع ایک معمول بن چکا ہے ۔حالیہ برسوں میں کئی ہیلی کاپٹر اور ہوائی جہاز کے حادثات سامنے آئے ہیں ۔گزشتہ سال 12جون کو ائیر انڈیا کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے میں 250سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔






