مقبوضہ جموں وکشمیر میں جماعت اسلامی کی جائیدادیں ضبط کرنے کی مذمت
سرینگر27نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فرنٹ ،جموں و کشمیر مسلم لیگ اورجموں وکشمیرپیپلز لیگ نے نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے کی طرف سے جماعت اسلامی کی جائیدادیں غیر قانونی طورپر ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی کی املاک پر قبضہ کرنے اور سرکردہ مذہبی شخصیات کو ہراساں کرنے کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالات کو خراب کرنے کی سوچی سمجھی سازش قرار دیاہے۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فرنٹ نے سرینگر میں اپنے بیان میں کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی مذموم کوششوں میں ناکامی کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے۔بیان میں کہاگیا کہ بھارت اپنے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے کے ذریعے حریت رہنمائوں اور تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جموں و کشمیر مسلم لیگ اورجموں وکشمیرپیپلز لیگ نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔