پاکستان

پہلگام واقعے کے بعدپاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں

ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب تنازعہ کشمیر ہے ، مقررین

اسلام آباد:
اسلام آباد میں ایک سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعدہمسایہ جوہری ممالک پاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ دونوں ممالک میں کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب تنازعہ کشمیر ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق "پہلگام واقعے کے بعد بھارت پاکستان کشیدگی: جنوبی ایشیا پراثرات "کے عنوان سے سیمینار نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ مقررین نے تشویش ظاہر کی کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کرکے پورے خطے کے امن کو دائو پر لگادیا ہے ،مسئلہ کشمیر کو فوری حل نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑسکتی ہے جس کے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں ۔انہوں نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ مودی حکومت کے مذموم عزائم اور خطے میں تباہ کن جنگ کو روکنے اور مسئلہ کشمیرکے پائیدار حل کے لئے فوری مداخلت کرے ۔سینئر کشمیری حریت رہنماء شیخ عبدالمتین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت پہلگام واقعے میں خود ملوث ہے۔،اس واقعے کی آڑ میں مودی سرکا ر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی مقبوضہ کشمیرمیں چھٹی سنگھ پور ہ ،پلوامہ جیسے واقعات رونماہوچکے ہیں، جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔بھارت اگر پہلگا م واقعے میں ملوث نہیں ہے تو وہ پاکستان کی جانب سے غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کرانے کی پیشکش سے کیوں راہ فرار اختیار کر رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ دراصل پہلگام واقعے کے پیچھے بھارت کے متعددمذموم مقاصد ہیں جن کا مقصدمقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹا نا ہے۔سابق وزیر آزاد جموں و کشمیرفرزانہ یعقوب، ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز ڈاکٹر حسن الامین، اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر سعید احمد رِداوردیگر مقررین نے واضح کیاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متازعہ علاقہ ہے ۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کی موجودہ تشویشنا ک صورتحال کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کا فوری حل ناگزیر ہے۔مقررین نے پاکستان میں شہری آبادی پر بھارتی جارحیت اورمساجد اور رہائشی مکانات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button