پاکستان

پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد انکے ساتھ ہے، انوار الحق کاکڑ

kakadاسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیری عوام کو یقین دلایا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہدمیں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے جے کے ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر یکطرفہ بھارتی اقدامات سے مقبوضہ علاقے کی حیثیت میں کوئی فرق نہیں پڑتااور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔انہوں نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں تنازعہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کی ترجمانی اور اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی سمیت حریت قیادت جدوجہد آزادی کا ہراول دستہ ہے، ہم کشمیری شہدا کے مقروض ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان کا تصور ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ کندھے سے کندھا ملا کر حق خود ارادیت کیلئے ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ حل طلب تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا واحد حل استصواب رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر یکطرفہ بھارتی اقدامات سے اس کی حیثیت میں کوئی فرق نہیں پڑتااور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر ہمیشہ ہر فورم پر اجاگر کیا اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں میر واعظ عمر فاروق سمیت حریت رہنمائوں کا کردار قابل تعریف ہے۔ حریت قیادت کے خلاف بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی اور مزید مستحکم ہو گی۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کنٹرول لائن کے قریب مقیم کشمیریوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کے ساتھ مشاورتی ملاقات ہوئی اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ حریت قیادت اور کشمیر کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے اقدامات کریں گے اور مزید بھرپور طریقے سے مسئلہ کشمیر ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تکمیل پاکستان کے حصول میں کشمیریوں کاموثر کردار ہے، وہ قومی فریضہ کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں، ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں، ان کی جدوجہد آزادی کو سنہری حروف میں لکھا جائے گااور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button