مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، رانا قاسم نون
اسلام آباد:
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو رانا قاسم نون نے کہاکہ حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر سے دنیا میں توجہ کامرکز بن گیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔انہوں نے واضح کیاجب تک مسئلہ کشمیر کوحل نہیں کیاجاتا جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم کیا جس پر عالمی سطح پربات ہونی چاہیے۔ رانا قاسم نون نے کہاکہ بھارت کے جنگی جنون نے اسے ذلت کی گہرائیوں دھکیل دیا۔ پاکستان کی اس عظیم فتح پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دنیا کو بتا دیا تھا کہ پاکستان اپنی سالمیت اورخودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائیوں کی دنیا معترف ہے۔