سری نگر کے چھوٹہ بازار قتل عام کی دلخراش یادیں آج بھی کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں
حریت کانفرنس کا شہداءکو خراج عقیدت، جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

سری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں نہتے لوگوں کے وحشیانہ قتل عام کی دالخراش یادیں آج بھی کشمیریوںکے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ 11 جون 1991 کو سری نگر کے علاقے چھوٹہ بازار میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کی اندھا دھند فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 32 افراد شہید جبکہ 22زخمی ہوگئے تھے۔
چوٹہ بازار کے المناک قتل عام کے 35 سال مکمل ہونے پر آج کشمیرمیڈیاسروس کے طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1991 میں آج ہی کے دن بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے بے لگام اہلکاروں نے سری نگر کے گنجان آباد علاقے چھوٹا بازار اور اسکے محلقہ علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ گولیاں دکانداروں، راہگیروں کو لگیں جبکہ ایک 75 سالہ خاتون اور ایک 10 سالہ بچے بھی نشانہ بن گئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر گیا لیکن اس المناک واقعے کی دلخراش یادیں کشمیریوں کو آج بھی خون کے آنسو رلاتی ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس بہیمانہ قتل عام کے متاثرہ خاندانں کو 35 برس کا ایک طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود انصاف نہیں مل سکا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے 1989 سے اب تک چھوٹہ بازار جیسے کئی قتل عام کیے لیکن کشمیری خوفزدہ نہیں ہوئے اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے سفاکانہ واقعات نام نہاد بھارتی جمہوریت پر ایک بدنام دھبہ ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت اور مختلف آزادی پسند جماعتوں نے اپنے بیانات ،پوسٹرز اور سوشل میڈیا کے ذریعے چھوٹہ بازار کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔حریت کانفرنس کی قیادت نے کہا کہ کشمیر ی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا،لوگوں نے سری نگر میں قبرستان جا کر شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔







