حریت رہنماء بلال صدیقی کی آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد
سرینگر: غیرقانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال صدیقی نے آپریشن بنیان مرصوص کی فیصلہ کن کامیابی پر پاکستانی عوام اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلال صدیقی نے جیل سے جاری ایک بیان میں بھارتی جارحیت کاموثرجواب دینے میں پاک فوج کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے خاص طور پر زبردست دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید فرانسیسی رافیل طیاروں سمیت متعدد بھارتی طیاروں کو مار گرانے میں پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر متعدد جنگوں کا باعث بن چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کوئی بھی غلط فہمی یا چنگاری خطے کو جوہری جنگ کی جانب دھکیل سکتی ہے ۔بلال صدیقی نے واضح کیاکہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پاکستان دونوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھاناچاہیے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہائیوں پرانے اس تنازعے کے حل میں ناکامی بالآخر دونوں ایٹمی طاقتوں کو تباہ کن تصادم کی طرف دھکیل سکتی ہے۔