جنگ بالی ووڈ کی فلم نہیں ،پاک بھارت جنگ پر سابق بھارتی آرمی چیف کا بیان
نئی دلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا اوراینکروں کو واضح جواب دیتے ہوئے سابق بھارتی آرمی چیف، جنرل منوج مکند نروانے نے کہا ہے کہ جنگ بالی ووڈ کی کوئی فلم نہیں ہے۔ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنرل نروانے نے ان خیالات کا اظہارپونے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اکانٹنٹس آف انڈیا کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب کے دوران حال ہی میں ختم ہونے والی پاک بھارت جنگ کے پس منظر میں کیا۔جنگ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنرل نروانے نے کہا کہ جنگیں بالی ووڈ فلموں کی طرح نہیں ہوتیں۔ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ سے بڑی تعداد میںہلاکتیں اور نقصانات ہوتے ہیں ۔ جنگ کی وجہ سے بچے اپنے والدین سے محروم ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات بچے بھی جنگ کا ایندھن بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بعد یہ دیکھنا باقی ہے کہ یہاں سے معاملات کیاں رخ اختیار کر تے ہیں ۔ جنرل نروانے نے کہاکہ آئندہ دنوں میں چیزیں کس طرح سامنے آتی ہیں۔انہوں نے جنگ کے باعث ہونے والی تباہی اور مالی نقصانات کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ پر لاکھوں ڈالر مالیت ہتھیار استعمال کرنے پڑتے ہیں جس کے باعث تعمیر نو کے طویل مدتی منصوبوں میں خلل پڑتا ہے ۔جنرل نروانے نے جنگ کے دوران سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہ جنگ کی بجائے سفارت کاری پہلی ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بطور فوجی اگر حکم دیا گیا تووہ ضرور جنگ میں جائیں گے لیکن یہ انکی پہلی ترجیح نہیں ہوگی ۔