ایران میں پھنسے ہوئے کشمیری طلباء کے حوالے سے بھارتی حکومت کی بے حسی پر بارہمولہ میں احتجاج
سرینگر:ایک ایسے وقت میں جب ایران اور اسرائیل ایکدوسرے پر میزائلوں کی بارش کررہے ہیں،بھارتی حکومت ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلبا ء کی حفاظت کے حوالے سے لاتعلقی کا مظاہرہ کررہی ہے جس پر ان کے اہلخانہ گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کی خاموشی اور اپنے بچوں کے انخلاء یا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے روابط کے فقدان سے پریشان والدین مودی حکومت کی بے حسی کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے بارہمولہ قصبے کے کریپا پارک میں جمع ہوئے۔ احتجاج کرنے والے والدین نے ایران میں پھنسے اپنے بچوں کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلباء اس وقت ایران میں پھنسے ہوئے ہیں جو مختلف مقامات پر مقیم ہیں۔ انہوں نے تمام طلباء کے انخلا سے قبل کم از کم ایک محفوظ مقام پر لانے میں بھارتی سفارتخانے کی نااہلی کی مذمت کی۔احتجاج کرنے والے والدین میں سے ایک نے کہاکہ ایران میں حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتے جا رہے ہیں،طلبا بدترین خوف کا شکار ہیں۔ پھنسے ہوئے طلباء کو نکالنے کے لیے فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔والدین نے بتایا کہ ان کے بچے ایران بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں اور زیادہ تر تہران شہر میں مختلف کورسز کر رہے ہیں اور جب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ شروع ہوا ہے ،وہ وہیں پھنسے ہوئے ہیں۔