ایرانی پارلیمنٹ میں ارکان کے پاکستان تشکر تشکر کے نعرے
پارلیمنٹ پاکستان سے اظہار تشکر کے نعروں سے گونج اٹھی
تہران:
صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے ایران پر وحشیانہ حملوں پرپاکستان کی برادراسلامی ملک ایران کی مکمل حمایت پر ایرانی پارلیمنٹ پاکستان سے اظہار تشکر کے نعروں سے گونج اٹھی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پاکستان کی حمایت کی تعریف کی جس پر ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے ‘پاکستان تشکرتشکر’ کے نعرے لگائے۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور ایرانی قوم سے کہا کہ دشمن کے خلاف ہوشیار اور متحد رہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اورکہا تھا کہ اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلاجواز جارحیت پر پاکستان ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزیدکہاتھا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے علاوہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔پاکستان، ایران کی حکومت اور برادر عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہے۔پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا تھا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے جمعہ کوسلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا تھا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے، اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھاکہ اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں۔