اسلام محبت، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے:میرواعظ عمر فاروق

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحم اللہ علیہ کی تعلیمات پر عمل کریں اور اسلام کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں جو محبت، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحم اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر سرینگر کے علاقے خانیار میں دستگیر صاحب کی خانقاہ پر عقیدت مندوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عظیم صوفی بزرگ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحم اللہ علیہ کی زندگی رہنمائی کا ایک مینار تھی جس کا محور اصلاح نفس اور تزکیہ قلب و روح ہے ۔وہ راستہ جو مومنین کو اخلاقی بلندی اور اللہ تعالی کے قرب کی طرف لے جاتا ہے۔میرواعظ نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب نفرت، تعصب اور عدم برداشت نے دنیا بھر کے معاشروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسلام کے امن اور ہمدردی کے عالمگیر پیغام کی طرف رجوع کریں۔ انہوں نے کہاکہ ایک سچے مسلمان کے دل میں نفرت یا بغض نہیں ہو سکتا، کیونکہ اسلام اللہ کی تمام مخلوقات کے لیے احترام اور خیر خواہی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان لازوال اقدار کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنائیں تاکہ افہام و تفہیم، ایمان اور اخلاقی تربیت پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔خواتین سمیت عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے اجتماع میں شرکت کی اور میر واعظ کے اتحاد اور تزکیہ نفس کے پیغام کو عقیدت کے ساتھ سنا۔







