مقبوضہ کشمیر : مودی حکومت نے مزید 3نئے فوجداری قوانین نافذ کر دیے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی کی بھارتی حکومت نے آج ( یکم جولائی) سے تین نئے فوجداری قوانین نافذ کردیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان قوانین کا مقصد مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو مزید دبانا ہے۔ ان فوجداری قوانین کے نفاذ پرکشمیریوں اور بین الاقوامی مبصرین نے سخت تشویش کااظہار کیا ہے ۔ان تینوں قوانین میں انڈین پینل کوڈ ترمیمی ایکٹ، کریمنل پروسیجر کوڈ ترمیمی ایکٹ اور انڈین ایویڈینس ترمیمی ایکٹ شامل ہیں۔یہ تینوں فوجداری قوانین کشمیری عوام کی رضامندی کے بغیر متعارف کرائے گئے، جو طویل عرصے سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔کشمیری مودی حکومت کے ان اقدامات کو مقبوضہ علاقے پر اپنے غیرقانونی تسلط کو طول دینے کی ایک سازش کے طورپر دیکھتے ہیں ۔ عالمی برادری نے بھی مقبوضہ علاقے میں فوجداری قوانین کے نفاذ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر تنازعہ کے پرامن حل اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ ختم کرنے پر زوردیاہے ۔