سوپور : بھارتی انتظامیہ نے مزید تین کشمیریوں کی املاک ضبط کر لیں

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا کی سربراہی میں قائم انتظامیہ نے ضلع بارہمولہ میں مزید تین کشمیریوں کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے لیفٹیننٹ گورنر کے حکم پر ضلع کے علاقے نادی ہل سوپور میں ریاض احمد لون ، اعجاز احمد لون اور مشتاق احمد شاہ کی اراضی ضبط کی ۔ ریاض احمد کی 2کنال 16مرلہ ، اعجاز احمد لون کی 10مرلہ جبکہ مشتاق احمد شاہ کی 2کنال اراضی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کی گئی۔
انتظامیہ نے گزشتہ روز بھی بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد سوپور میں خورشید احمد نامی ایک شہری کی کی 1کنال اور 12 مرلہ سے زائد اراضی ضبط کی تھی۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں اور دیگراملاک کی ضبطی ، مسماری کا سلسلہ تیز کر دیا جسکا واحد مقصد کشمیریوں کو معاشی طورپر مفلوک الحال بنانا اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندوﺅں کو دیکر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے ۔





