شوپیان میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے کئی دیہات میں آج مسلسل دوسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
بھارتی فوج کی 44راشٹریہ رائفلز اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے کئی دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کیں جن میں علی شاپورہ، گنڈ درویش اور بندپاہو شامل ہیں۔ اس دوران گھروں کی تلاشی لی گئی اورمکینوں کو ہراساں کیاگیا۔
بھارتی فورسز نے دعویٰ کیاکہ علاقے میں مجاہدین کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد یہ آپریشن شروع کیا گیا ۔ کارروائی کے دوران لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے دیہات کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیاگیا۔
دریں اثناء بھارتی فورسز نے بانڈی پورہ، کپواڑہ اور اسلام آباد اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں۔





