مقبوضہ جموں وکشمیر:سرینگر میں ٹیچرز فورم اوراسلام آباد قصبے میں نان گزیٹڈ ملازمین کا احتجاج
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں جموں و کشمیر ٹیچرز فورم اور انچارج لیکچررز فورم نے سرینگر میں مشترکہ طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے اولڈ پنشن اسکیم کی بحالی، بروقت ترقیوں، منصفانہ تبادلہ پالیسی ،طویل عرصے سے زیر التوا تنخواہوں کی واگزاری اودیگر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ ان کے جائز مطالبات مزید تاخیر کے بغیر پورے کیے جائیں۔مظاہرین نے کہاکہ باربارکی یقین دہانیوں کے باوجود ان کے مسائل حل نہیں کئے جاتے۔
دریں اثناء اسلام آباد قصبے میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے نان گزیٹڈ ملازمین نے بھی احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سروس ریکروٹمنٹ رولز کا فوری نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے طویل عرصے سے زیر التوا مسائل حل کرنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے والا سروس اسٹرکچر وضع کرنے کے مطالبات بھی کئے۔مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اورخبردارکیا کہ اگران کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تواحتجاج میں شدت لائی جائے گی۔







