مصدق ملک کا مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل سے متعلق موقف قابلِ تحسین ہے، غلام محمد صفی
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر مصدق ملک کے دورہ بھارت اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کو سراہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام محمد صفی کی زیر صدارت حریت کانفرنس کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مصدق ملک کے دور ہ بھارت کے موقف کاخیرمقدم کیاگیا۔اجلاس کے شرکا نے کہا کہ خطے کے تمام مسائل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تنازعات، بالخصوص تنازعہ کشمیر، بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں ایک بنیادی مسئلہ ہے۔ اسے نظرانداز کرکے خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں قیام امن کے لیے مذاکراتی عمل کوآگے بڑھایا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کو اس کا لازمی حصہ بنایا جائے گا۔








