مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں کا کشمیر کاز کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ

سرینگر 05 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوںکی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کو درپیش مشکلات کے باوجود ان کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرنے کو ہمیشہ سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل حمایت مقبوضہ جموں وکشمیرکے مظلوم عوام کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماﺅں مولوی بشیر احمد عرفانی، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، خادم حسین، سید سبط شبیر قمی، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل اور محمد یوسف نقاش نے اپنے بیانات میں کہا کہ ہر برس 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیرمنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اپنے مادر وطن پربھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
دریں اثناءبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج سرینگر میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کو سرینگر کے علاقے زکورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔
صحافیوں کی عالمی تنظیم ”کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس“ نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ صحافی فہد شاہ کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں، ان کے کام سے متعلق کسی بھی قسم کی تحقیقات ختم کریں اور صحافیوں کو گرفتارکرنابند کریں۔ واشنگٹن میں سی پی جے کے ایشیا پروگرام کے کوآرڈینیٹر اسٹیون بٹلر نے کہاکہ فہد شاہ کی گرفتاری حکام کی طرف سے آزادی صحافت اور صحافیوں کی آزادانہ اور محفوظ رپورٹنگ کرنے کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی پولیس نے فہد شاہ کو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ادھرپاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام آج مظفرآباد کے برہان وانی شہید چوک پر بھارت مخالف ریلی منعقد کی گئی۔ ریلی کے شرکاءنے بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
کشمیر کونسل یورپ نے جمعہ کی شام بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن کیں۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ریاستی دہشت گردی بند کرانے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button