مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود آزادی کی مشعل کو جلانے رکھنے پربہادر کشمیری عوام پر فخر ہے: شبیر شاہ

 

shabir

سرینگر 12 فروری (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بدترین فوجی محاصرے کے باوجودبھارت کے خلاف داخلی اور خارجی محاذوں پرزبردست سیاسی جدوجہدجاری رکھنے پر حریت پسند کشمیر ی عوام کی تعریف کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام نے ایک انتہائی نازک صورتحال میں جب پوری مزاحمتی قیادت اور ہزاروں حریت کارکنا ن کو بغیرکسی عدالتی کاروائی کے جیلوں میں ڈال دیاگیاہے،تحریک آزادی کے ہیروشہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گوروکی برسیوں کے موقع پرمکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کر کے اپنی سیاسی پختگی، سمجھداری اور عملیت پسندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ہمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے اس طوفان میں آزادی کی مشعل کو جلانے رکھنے پر اپنے بہادر لوگوں پر فخر ہے۔شبیر احمد شاہ نے نظربند قیادت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبول بٹ اور افضل گوروجیسے اپنی مزاحمتی تحریک کے ہیروزکو فراموش نہیں کر سکتے جنہیںان جرائم کی پاداش میںتہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی جو انہوںنے کبھی کئے ہی نہیں تھے اورجیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا۔ حریت رہنما نے کہاکہ ہم پختہ عزم اور دل وجان کے ساتھ جدوجہدآزادی میں مصروف ہیں اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دے رکھی ہے اور جس کا وعدہ بھارت نے عالمی برادری کے سامنے کررکھا ہے۔حریت رہنما نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے طول وعرض میں گرفتاریوں کاسلسلہ تیز کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد سے نہیں روکا جاسکتا۔ حریت کے وائس چیئرمین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسزکی طرف سے جاری نسل کشی، جبری گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button