یورپی یونین بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم کا نوٹس لے: صدر عارف علوی
اسلام آباد 24 فروری (کے ایم ایس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی طرف سے اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا نوٹس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق ایمون گلمور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ اور ملک میں لیبر قوانین کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایمون گلمور نے لاکھوں پناہ گزینوں کی طویل عرصے تک میزبانی کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔