حریت رہنمائوں کی طرف سے پاکستان کے عوام اور حکومت کویوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد
سرینگر23مارچ (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی طرف سے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان دنیا بھرکے مسلمانوں کیلئے اللہ تعالی کی سب سے بڑی رحمت ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کا قلعہ اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے نصب العین کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بشیر احمد بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اوراسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس کے دیگر شرکا کی طرف سے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بھی خیرمقدم کیا۔ بشیر بٹ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے او آئی سی کانفرنس سے خطاب کو بھی سراہا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طورپر اجاگر کیا۔۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین ، سبط شبیر قمی اورعبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کے اپنے علیحدہ وطن کا مطالبہ جائز تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔حریت رہنمائوں نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طہٰ اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ دونوں رہنمائوں نے مظلوم کشمیریوں کے جذبات و احساسات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین اور شمیم شال نے اسلام آباد سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ایک دن کشمیر ضرورپاکستان کا حصہ بنے گا۔