موسلا دھار بارشوں سے کنگن، پلوامہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے جبکہ کچھ سرکاری سکول اور رہائشی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ہونے والی تیز بارش کے باعث حسن آباد کے علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور گورنمنٹ گرلز اسکول کنگن اور مین بازار زیر آب آگئے جس سے مکینوں کوآمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسلادھار بارش سے گھروں اور کھیتوں میں پانی بھر گیا جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ مقامی لوگوں نے علاقے کے نکاسی آب کے نا قص نظام کا مسئلہ اجاگر کیا۔لوگوںنے بتایا کہ انہوں نے بارہا حکام سے نکاسی آب کا مناسب نظام تعمیر کرنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم ان کی درخواستوں کے باوجود ابھی تک اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
دریں اثناء جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے اچگوزہ میں موسلادھار بارش سے ایک اہم سڑک زیر آب آ گئی۔رہائشیوں کے مطابق صبح سویرے علاقے میں شروع ہونے والی مسلسل بارش سے ندی کی پانی کی سطح بڑھتی گئی جس سے ابہامہ-سنگ نیر روڈ زیر آب آ گیا۔