عالمی برادری بھارت میں پیدا کئے جا نے والے اقلیت دشمن حالات کا نوٹس لے: آغا حسن
سرینگر 06اپریل (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارت کی کچھ ریاستوں میں گوشت پر پابندی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں آر ایس ایس کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بیف پر پابندی کا یہ جواز پیش کیا جاتا ہے کہ گائے کو ہندو دھرم میں مقدس جانور مانا جاتا ہے لیکن بھیڑ، بکریوں کے گوشت پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ہر معاملے میں ہندوتوا کو ترجیح دیکر اپنے سیاسی مفادات کی آبیاری کر رہی ہے۔ آغا سید حسن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں اقلیت دشمن حالات پیدا کرنے کی کوششوں کا سخت نوٹس لے کیوں کہ یہاں آباد اقلیتیں روز بروز غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سناتھن دھرم کا گمراہ کن نعرہ لگاکر کئی بی جے پی رہنمامسلمانوں کے خلاف کھلے عام اعلان جنگ کر رہے ہیں اور ہندو اکثریتی فرقے کومسلمانوں کے وسیع پیمانے پر قتل عام کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔