میر واعظ کی مسلسل نظر بندی کی مذمت
سرینگر07 اکتوبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔
انجمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ ربیع الاول کے بابرکت اور مقدس مہینے میں بھی میرواعظ کو مسلسل نظربند رکھا گیا ہے اور ان کی سرگرمیوں پر پابندیاں بدستور جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کی مسلسل نظر بندی اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں نہ صرف مداخلت بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے جو ناقابل قبول ہے۔انجمن نے کہا کہ میر واعظ کی گزشتہ 38 مہینوں سے مسلسل نظربندی کی وجہ سے کشمیر کے مسلمانوں بالخصوص تاریخی مرکزی جامع مسجد سری نگر میں ان کا خطبہ سننے کے لیے آنے والے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔
دریں اثنا انجمن اوقاف نے میر واعظ عمر فاروق اور اپنی طرف سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آپ ﷺ کی تعلیمات اور سیرت قیامت تک بلا تفریق بنی نوع انسان کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
انجمن نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ایک کامیاب اورمفید زندگی گزارنے اور آخرت میں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر دل سے عمل کرنے کا عہد کریں۔