بھارت اقلیتوں کے لیے خطرناک ملک بن چکا ہے، رپورٹ
اسلام آباد 14 اپریل (کے ایم ایس)بھارت میں ہر سال 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی، بھیم جینتی یا یوم مساوات کے طور پر منایا جاتا ہے۔
14 اپریل 2022 کو ڈاکٹر بی آر کی امبیدکر کا 131 ویں یوم پیدائش ہے۔ امبیدکر جنہیںبابا صاحب امبیڈکر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ایک بھارتی سیاست دان، ماہر اقتصادیات اور سماجی مصلح تھے جنہیں ”فادر آف کنسٹی ٹیوشن آف انڈیا“کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سرو س کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ امبیدکر نے دلت برادریوں کے حقوق کی وکالت کی اور ذات پات کے نظام کے خلاف تحریک کی قیادت کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چودہ اپریل کو بطور یوم مساوات منانے کا مقصد دلتوں کی ترقی کے لیے امبیدکر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جبکہ بھارت میں اس وقت اقلیتوں اور غیر ہندو برادریوں کاآر ایس ایس کی حمایت یافتہ فسطائی مودی حکومت نے جینا حرام کر رکھا ہے ۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2021 میں بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم کے تین سو واقعات درج کیے گئے ہیں اور بی جے پی کے تحت بھارت اقلیتوں کے لیے دنیا کے سب سے خطرناک ممالک میں سے ایک بن گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشی اور دیگر اقلیتوں پر ظلم و ستم کا کھلے عام مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جینوسائیڈ واچ کے صدر ڈاکٹر گریگروئے اسٹینٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر سخت کارروائی نہ کی گئی تو بھارت میں بھی روانڈا کی طرح کی بہیمانہ نسل کشی ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی دلت برادری کو کئی برسوں سے نام نہاد اونچی ذات کے ہندوو¿ں کی طرف سے جبر و استبداد کا سامنا ہے۔