بھارتی حکام کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایئر شو کرانے کا اعلان
سرینگر 22 ستمبر (کے ایم ایس) بھارتی حکام نے کشمیریوں کو مرعوب کرنے کے لئے غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 26ستمبر کو ایئر شو کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں بھارتی ایئر فورس کے طیارے مگ 21 اورایس یو30 شامل ہو ں گے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ساوتھ ایشین وائر نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ اس موقع پر جنگی طیاروں کی تصویری نمائش بھی ہو گی۔یہ ایئر شو سرینگر میں جھیل ڈل کے علاقے میں ہو گا۔قابض حکام اس طرح کی تقریبات منعقد کرکے دنیا کو یہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات ٹھیک ہیں جبکہ بھارتی حکومت نے علاقے میں کئی غیر انسانی قوانین نافذ کررکھے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں آزادی پسندوں کو جیلوں میں نظربندکر رکھا ہے۔اس کے علاوہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں فوج کے آپریشن مسلسل جاری ہیں۔ بھارت نے علاقے میں دس لاکھ فوجی تعینات کررکھے ہیں جو حالت جنگ میں ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت جنگی ساز و سامان کی نمائش کرکے کشمیریوں کو مرعوب اور خوفزدہ کرنا چاہتی ہے لیکن کشمیر ی عوام بھارت کے ان مذموم ہتھکنڈوں اورطاقت کے وحشیانہ استعمال سے مرعوب نہیں ہونگے اور حصول آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔