مقبوضہ جموں وکشمیر کی ایک عدالت نے صحافی سجاد گل کی ضمانت منظور کر لی
سرینگر 15 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتارکئے گئے صحافی سجاد گل کی درخواست ضمانت آج ضلع بانڈی کی ایک مقامی عدالت نے منظورکرلی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سجاد گل کو بھارتی فوج نے اس وقت گرفتارکیاتھا جب انہوں نے سرینگر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک نوجوان کی شہادت کے بعد ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی طرف سے بھارت مخالف نعرے لگانے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ۔سجاد گل کو 5 جنوری کو بھارتی فوج نے ایک چھاپے کے دوران گرفتارکرکے پولیس کے حوالے کیا تھا۔ ان پر بھارت کے خلاف مجرمانہ سازش کرنے ، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور عوام میں خوف وہراس پھیلانے سے جیسے سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا تھا۔ ان کے وکیل نے 10 جنوری 2022 کو ان کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جسے آج جوڈیشل مجسٹریٹ سنبل سونہ واری نے منظور کر لیا۔گل کے وکیل عمیر رونگا نے صحافیوںکو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ سنبل کی عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سجاد گل کی ضمانت منظور کر لی۔ پریس کونسل آف انڈیا سمیت صحافیوں کی عالمی تنظیموں نے سجاد گل کی گرفتاری کی مذمت کی تھی۔