بی جے پی نے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے: اسد الدین اویسی
حیدرآباد 20اپریل(کے ایم ایس)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی طرح دہلی میںگھروں کو تباہ کرکے غریب ترین مسلمانوںکے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسدالدین اویسی جو حیدرآباد سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ہیں، نئی دہلی کے علاقے جہانگیرپوری میں فسادات سے متاثرہ مسلمانوں کی املاک کی تباہی پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔اسدالدین اویسی نے ایک ٹویٹ میں کہابی جے پی نے غریبوں کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی یوپی اور ایم پی کی طرح دہلی میں تجاوزات کے نام پر گھروں کو تباہ کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی نوٹس نہیں، عدالت میں جانے کا کوئی موقع نہیں، صرف غریب مسلمانوں کو زندہ رہنے کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اپنے مشکوک کردارکو واضح کریں۔ کیا ان کی حکومت کا پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ انہدام کی اس مہم کا حصہ ہے؟انہوں نے سوال اٹھایاکہ کیا جہانگیرپوری کے لوگوں نے انہیں اس طرح کی دھوکہ دہی اور بزدلی کے لیے ووٹ دیا تھا؟ انہوں نے کہاکہ یہ بہانہ کہ پولیس ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، اب نہیں چلے گا۔اویسی نے کہاکہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے ،اب قانونی یا اخلاقیات کا کوئی دکھاوا بھی نہیں ہے۔