سانحہ حیدر پورہ، اہلخانہ کی طرف سے شہداء کی تدفین کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھے گئے
سرینگر19 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حیدرپورہ سرینگر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک جعلی مقابلے میں شہیدکئے گئے دوشہریوں محمد الطاف بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کی میتیں عزت و وقار کے ساتھ تدفین کیلئے جب سوگوار خاندانوں کے حوالے کی گئیں تو جذباتی مناظر دیکھے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد الطاف بٹ اور مدثر گل کی میتیں بھارتی فوجیوں کی بھاری نفری کی موجودگی میں لواحقین کے سپرد کی گئیں۔برزلہ کے رہائشی محمد الطاف بٹ اور بڈگام کے رہائشی ڈاکٹر مدثر گل جن کا اسی عمارت میں ایک دفتر بھی تھا جہاں انہیں ایک جعلی مقابلے میں مدثر گل کے ایک ملازم عامر احمد ماگر ے اور ایک اور شہری حیدر کے ہمراہ شہید کردیاتھا۔ جیسے الطاف بٹ کی میت کو انکے گھر لایاگیا تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ جس کے بعد ان کے آبائی قبرستان میں ان کی آخری رسومات ادائیگی کی گئیں۔ مدثر کے گھر پر بھی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔قبرستان اوردونوں شہداء کے گھروں کے باہر بھی بھارتی پولیس کے کئی اہلکار اسینئر افسروں کے ہمراہ تعینات تھے ۔قابض انتظامیہ نے دونوں شہداء کے جنازوں میں صرف قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت دی اور اس موقع پر علاقے میں سخت پابندیاں بھی نافذ کی گئی تھیں ۔ایک پولیس اہلکار کے مطابق مدثر گل اور الطاف بٹ کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کیلئے جمعرات کی شب ہندواڑہ کے قبرستان میں ان کی قبر کشائی کی گئی تھیںجہاں انہیں جبری طورپر دفن کردیاگیاتھا۔ حیدر پورہ میں شہریوں کے بہیمانہ قتل کے بعدمدثر گل،الطاف بٹ اورعامر ماگرے کے اہل خانہ نے پولیس کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ تینوں عسکریت پسندتھے ۔ لواحقین نے شہداء کی میتوں کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل احتجاج کیا اور قابض حکام کو اپنے جائز مطالبے کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا۔
غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں حریت فورم نے سرینگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چار شہریوں کے حالیہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف آج پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جاری رہی ہے۔دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت سمیت متعدد سیاسی رہنمائوں نے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاج کیا اور اس بہیمانہ قتل کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔