بھارتی پولیس نے عید کے موقع پر تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا
سرینگر02مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر منائے جانے والے مسلمانوں کے تہوار عیدالفطر کے موقع پر سرینگر اور کولگام اضلاع سے تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک نوجوان کو جس کی شناخت گڈیہامہ کولگام کے یامین یوسف بٹ کے نام سے ہوئی ہے، کولگام پولیس اور بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا۔پولیس نے سرینگر شہر کے مضافات میں نوگام علاقے سے ایک اور نوجوان کو گرفتار کیاہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت مانچھوا بڈگام کے شاہد گلزار کے نام سے ہوئی ہے جسے بھارتی فوج اورپولیس نے گرفتار کیا ہے۔اس سے قبل پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے ایک تیسرے نوجوان کو گرفتار کیا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں نوجوانوں کو”ہائبرڈ عسکریت پسند” قرار دینے کے بعد گرفتار کیا گیاہے، یہ اصطلاح مودی حکومت نے خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کے لیے وضع کی ہے تاکہ ان کی گرفتاری کا جواز پیش کیا جاسکے۔