راہل گاندھی کی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی پر مودی حکومت پر تنقید
نئی دلی10مئی (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈکمی پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہاہے کہ وہ اخبارات کی سرخیوں کی بجائے ملکی معیشت کو سنبھالیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے اپنے فیس بک پیج پر جاری ایک پوسٹ میں نریندر مودی سے کہا کہ انہیںسچائی کو قبول کرنا چاہیے اور ملک جس بحران کی طرف بڑھ رہا ہے اس سے نمٹنے کے اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپیہ کی قدر 77روپے40پیسے کی کم ترین سطح تک گرگئی ہے ۔راہل گاندھی نے مودی حکومت پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 100 روپے سے زائد اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ایک ہزارروپے تک بڑھانے کا اپنا ہدف حاصل کر چکی ہے اور اب باری ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو100 روپے تک گرانے کی ہے ۔