مقبوضہ کشمیر:نریندر مودی کے دورے کے موقع پر سخت پابندیوں سے معمولا ت زندگی مفلوج
جموں: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع جموں کے دورے کے موقع پر سخت پابندیوں اور بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو کر ہ گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پورے ضلع جموں کو ڈرونز اور کواڈ کاپٹروں کیلئے نو فلائی زون قراردیاگیا ہے ،اسکے علاوہ شہریوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور سرینگر جموں ہائی وے سمیت ہر چھوٹی ،بڑی شاہراہ پرلوگوں کی تلاشیوںکاسلسلہ جاری ہے ،جس کی وجہ سے شہریوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض حکام نے کئی حصارپرمشتمل سیکورٹی کے انتظامات کئے ہیں اور گاڑیوںکی آمد ورفت کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔کشمیریوں نے نقل و حرکت پرعائد سخت پابندیوں پرسخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے شدید موسمی حالات میں نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے پر سوال اٹھائے ہیں ۔ان کاکہناتھا کہ نریندر مودی کے دورہ کشمیر کی وجہ سے کشمیری تاجروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور انہیں سیکورٹی اقدامات کے نام دکانیں اور کاروباربند کرنے پر مجبور کیاجارہا ہے۔