بھارتی این آئی اے نے خرم پرویز کے خلاف عدالت میں فرد جرم جمع کرا دی
نئی دہلی 13مئی (کے ایم ایس) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)نے انسانی حقوق کے معروف کشمیری محافظ خرم پرویز سمیت سات افراد کے خلاف گزشتہ سال درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں عدالت میںفرد جرم جمع کرا دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ نئی دہلی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں خرم پرویز، این آئی اے کے سابق افسر اور پولیس سپرنٹنڈنٹArvind Digvijay Negi، منیر احمد کٹاریا اور شمالی کشمیر کے ارشد احمد ٹونچ مغربی بنگال کے رام بھون پرساد ، چندن مہتو اور بہار کے ظفر عباس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت فرد جرم دائر کی گئی۔ خرم پرویز کو گزشتہ سال نومبر میں اور نیگی کو رواں سال فروری میں کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو حمایت فراہم کرنے سے متعلق ایک مقدمے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ این آئی اے نے انکے خلاف مقدمہ گزشتہ سال 6 نومبر کو درج کیا تھا۔