مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر:تیرہ سال گزرجانے کے باوجود نیلوفر اورآسیہ کے اہلخانہ انصاف سے محروم

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 29مئی(کے ایم ایس) غیر قانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں عصمت دری اور قتل کا شکار بننے والی دو خواتین نیلوفر اورآسیہ کے اہلخانہ تیرہ سال گزرجانے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے 29مئی 2009کوشوپیان میں آسیہ اور نیلوفر کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں دوران حراست قتل کردیاتھا۔ ان کی لاشیں اگلی صبح رنبی آرہ کی ندی سے برآمد ہوئی تھیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے ایک بیان میں عصمت دری اور دوہرے قتل کے اس بہیمانہ واقعے کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جبر واستبداد کی ایک واضح مثال قرار دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیریوں کی تذلیل کرنے کے لیے خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
حریت رہنمائوں بشیر احمد بٹ ، عبدالصمد انقلابی ، زمرودہ حبیب ، یاسمین راجہ ، جموں و کشمیر مسلم لیگ ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور جموں کشمیر فریڈم پارٹی نے اپنے بیانات میں کہا کہ سانحہ شوپیان جموں و کشمیرکے لوگوں کے اجتماعی ضمیر پرایک سنگین حملہ ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 1990سے اب تک مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں خواتین کو اجتماعی زیادتی اور بدسلوکی کا نشانہ بنانے کے11ہزار255 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ضلع اسلام آباد میں آج ایک22سالہ نوجوان کی بوسیدہ لاش برآمد ہوئی۔ ایک اور واقعے میں سرینگر کے علاقے کھونہ کن ڈلگیٹ میں 27سالہ ٹرک کنڈکٹرکو مردہ پایا گیا۔
دریں اثنا ء نیشنل کانفرنس نے ایک بھارتی نیوز چینل پر مباحثے کے دوران بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖکی شان میں گستاخی کی مذمت کی ہے ۔ پارٹی رہنما سلمان علی ساغر نے سرینگر میں ایک بیان میں بی جے پی اور بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ توہین آمیز بیان پر معافی مانگے۔
ورلڈ کشمیرایوئرنیس فورم نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو نئی دہلی کی ایک عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائے جانے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں عالمی برادری ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی جیل سے کشمیری رہنما کی غیر مشروط رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button